یقین ہے کہ چین نے ابھی تک روس کو ہتھیار نہیں دیے: صدر جو بائیڈن
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ یوکرین پر حملے کے بعد سے ابھی تک چین نے روس کو ہتھیار نہیں بھجوائے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کینیڈا میں پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ’ابھی پچھلے تین ماہ سے ایسی باتیں سننے میں آئی ہیں کہ چین روس کو اہم ہتھیار دینے جا رہا ہے، مگر ابھی تک ایسا نہیں ہوا، اس کا مطلب یہ نہیں وہ نہیں دے گا، تاہم ابھی تک نہیں دیے۔‘
مزید پڑھیں
پوتن کو یقین ہے کہ وہ بالآخر یوکرین پر قبضہ کر لیں گے: سی آئی اے
امریکہ، چین میں تناؤ، ’اس بار کوئی ہاٹ لائن نہیں اور یہ پریشان کن ہے‘
’دوستی کا سفر‘: پوتن کے وارنٹ گرفتاری کے بعد چینی صدر کا دورۂ روس
ان کے مطابق ’میں چین کو معمولی سمجھتا ہوں نہ روس کو، تاہم ان کے درمیان میل جول کی اطلاعات میں مبالغہ آرائی سے کام لیا گیا۔‘
جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ اگر کچھ ہوا ہے تو وہ یہ کہ مغرب پہلے سے زیادہ متحد ہو گیا ہے۔
انہوں نے بحرالکاہل کے خطے میں امریکی اتحادیوں کی طرف بھی اشارہ کیا جیسا کہ کواڈ، جس میں آسٹریلیا، انڈیا، جاپان شامل ہیں جبکہ ’آکس‘ کا حوالہ بھی دیا جس میں آسٹریلیا اور برطانیہ شامل ہیں۔
رواں ہفتے چینی صدر شی جن پنگ کے دورہ روس کے موقع پر دونوں ممالک نے اپنے ’خصوصی نوعیت کے تعلقات‘ کو سراہا تھا۔
تاہم چینی صدر نے روس کے ساتھ تجارت کرنے اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا وعدہ تو کیا مگر اس کو یوکرین جنگ کے لیے ہتھیار دینے کا کوئی وعدہ نہیں کیا۔ اگر وہ ایسا کرتا ہے تو یہ ایسا قدم ہو سکتا ہے جو چین پر مغربی ممالک کی جانب سے پابندیاں عائد کرنے کا باعث سکتا ہے۔
اسی طرح چین کی جانب سے کوئی ایسا وعدہ بھی نہیں کیا گیا کہ وہ روس سے گیس خریدے گا کیونکہ اس کی گیس اب یورپ نہیں پہنچ رہی۔