سعودی عرب سے دو ارب ڈالرکی فنانسنگ کا گرین سگنل مل گیا، وزارت خزانہ
اسلام آباد: وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کو دو ارب ڈالرکی فنڈنگ کا گرین سگنل دے دیا ہے۔
حکومت پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کے ساتھ اسٹاف سطح کے معاہدے اور قرضہ پروگرام کو ٹریک پر لانے کیلیے دوست ممالک سے تین ارب ڈالر کی فنانسنگ کے حصول میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے دو ارب ڈالرکی فنڈنگ کا گرین سگنل دے دیا ہے جبکہ وزیرخزانہ 10 اپریل کو امریکا جانے سے پہلے یو اے ای کی اعلیٰ قیادت سے بھی رابطہ کریں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئی ایم ایف شرح سود میں مہنگائی کے حساب سے مزید اضافے کے مطالبے پر قائم اور سالانہ 900 ارب روپے کی سبسڈی پر تاحال معترض ہے۔ آئی ایم ایف پٹرولیم لیوی کی مد میں 850 ارب روپے جمع کرنے کے مطالبے پر بھی قائم ہے۔
وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پٹرول اور ڈیزل کی امپورٹ کم کرنے کا مطالبہ کررہا ہے جبکہ عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے پٹرولیم لیوی اورٹیکسز کا شارٹ فال پورا کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔