پشاور میں بارش سے نشیبی علاقے زیرِآب،لوئردیر میں نالوں میں طغیانی آ گئی
پشاور: پختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے بعد کہیں نشیبی علاقے زیر آب تو کہیں نالوں میں طغیانی آ گئی جب کہ بعض علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور کے قرب و جوار میں صبح کے وقت کہیں تیز اور بعض مقامات پر ہلکی بارش ہوئی۔ شہر کے کچھ علاقوں میں تیز بارش کی وجہ سے پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا، جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔
تیز بارش کی وجہ سے کچھ نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔ پشاور میں یونیورسٹی ٹاؤن، فقیر آباد، حیات آباد میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی، تاہم کچھ علاقوں میں معمولی بارش بھی ہوئی، مجموعی طور پر شہر میں حبس اور گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
اُدھر لوئر دیر میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے ندی نالوں میں طغیانی اور دریائے پنجکوڑہ میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے۔ بارش کے دوران اکثر علاقوں میں بجلی منقطع ہو گئی، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی اٹھانی پڑی۔
دریں اثنا ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور ٹانک میں بھی شدید بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔ کئی علاقوں میں نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے گلیوں اور محلوں میں پانی جمع ہوگیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق لکی مروت، نورنگ شہر اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش جاری ہے۔