بین الاقوامی

اسرائیل سے اسماعیل ہنیہ کا بدلہ لینے سے متعلق ’اچھی خبر‘ جلد سنیں گے؛ پاسداران انقلاب

تہران: ایران کی پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی نے اپنے عوام کو یقین دلایا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا بدلہ اسرائیل سے جلد لیا جائے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کے سربراہ نے ان خیالات کا اظہار عوام کے ایک اجتماع سے خطاب میں کیا۔ انھوں نے عوام کو یقین دلایا کہ آپ جلد ہی اسرائیل پر جوابی حملے سے متعلق اچھی خبریں سنیں گے۔

جنرل حسین سلامی نے اپنی جذباتی تقریر میں اسرائیل اور امریکا کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور ایران کی خود مختاری اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی پاداش میں صیہونی ریاست کو انتقامی کارروائی کے لیے تیار رہنے کی دھمکی دی۔

تاہم اپنی تقریر میں پاسداران انقلاب کے سربراہ نے اسرائیل پر جوابی کارروائی سے متعلق کوئی ٹائم فریم نہیں دیا۔

قبل ازیں پاسداران انقلاب کے ترجمان نے اس بات کا اعادہ کیا تھا کہ بدلہ ضرور لیا جائے گا تاہم اس میں وقت لگ سکتا ہے لیکن اس بار حملہ گزشتہ حملوں سے مختلف ہوگا۔

یاد رہے کہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو تہران کی حساس عمارت میں اس وقت نشانہ بنایا گیا تھا جب وہ ایرانی نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے بعد رات قیام کے لیے پہنچے تھے۔

اس پُراسرار حملے کی ذمہ داری ایران اور حماس نے اسرائیل پر عائد کی تھی جب کہ اسرائیل نے اس الزام کی نہ تو تردید کی اور نہ ہی تصدیق کی ہے۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button