پاکستان

28 اگست کو ملک گیر شٹرڈاؤن ہر صورت ہوگی، تنظیم تاجران پاکستان

کراچی: مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے اور  28 اگست کوملک گیر کامیاب شٹر ڈائون ہڑتا ل ہر صورت ہوگی۔

کراچی پریس کلب میں کراچی کی تمام تاجر تنظیموں کے عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی تنظیم تاجران کے صدر محمد کاشف چوہدری نے کہا کہ حکومت کی طفل تسلیاں اور جھوٹے دعوے تاجروں کو مرغوب نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ شٹر ڈاون ہڑتال کاروبار اور معیشت بچانے کے لیے ہوگی، ملک بھر کے تاجروں کے تحفظ اور معیشت کی بہتری کے لیے ہڑتال کامیاب کریں گے۔

کاشف چوہدری کا کہنا تھا کہ تاجر وں نے ملکی معیشت کو پروان چڑھانے اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی غنڈہ گردی کا مقابلہ کرنے کا عہد کر رکھا ہے، جب تک تاجر دوست اسکیم ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوگا، تب تک ہڑتال ختم نہیں ہوگی اور نہ ہی مذاکرات کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے تاجر 28 اگست کی ہڑتال پر دو دھڑوں میں تقسیم

انہوں نے کہا کہ تاجر دوست اسکیم ختم کرنے کا جب تک نوٹی فکیشن جاری نہیں ہوگا، تب تک ہڑتال ختم نہیں ہوگی، حکومتی مراعات یافتہ مخصوص چند لوگ تاجر دوست اسکیم کے ایس آر او میں معمولی تبدیلی کا ڈھونگ رچا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم انہیں متنبہ کرنے چاہتے ہیں کہ حکومتی مراعات یافتہ لوگوں کو منہ کی کھانی پڑے گی، تاجر اتحاد اور اتفاق سے اپنے حقوق لے کر رہیں گے۔

کاشف چوہدری نے کہا کہ جب تک تاجر دوست اسکیم کی واپسی کا نوٹیفکیشن، ودہونڈنگ ٹیکس کا خاتمہ نہیں ہوتا اور بجلی گیس کی قیمتیں کم نہیں ہوتیں اس وقت تک کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظر ثانی نہ کی گئی تو بھی ہڑتال جاری رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلیوں سے مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور نہ ہی ہم کسی سے کوئی مذاکرات کریں گے، اگر تاجر دوست اسکیم ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری ہوتا ہے اور ہمارے باقی مطالبات مانے جاتے ہیں تو دیکھیں گے اور جب تک ہمارے مطالبات نہیں مانے جاتے مذاکرات نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں میں کوئی پھوٹ نہیں، ایسا جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والے مراعات یافتہ نام نہاد لوگوں کی تاجروں کی صفوں میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: ٹیکسز کیخلاف تاجر تنظیموں کا 28اگست کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

کاشف چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت نے معیشت کا جنازہ تو پہلے ہی نکال دیا ہے اور اب تاجروں کا معاشی قتل نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تاجروں کی 28 اگست کی ملک گیر شٹر ڈاون ہڑتال کی کامیابی سے حکمران خائف ہو گئے ہیں، تاجر ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس دیتے ہیں اور ٹیکس دینے والا کسی سے ڈرتا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرتاجروں کے خلاف کوئی بھی کارروائی کی گئی تو ردعمل کی ذمہ دار حکومت ہوگی، کسی ایک تاجر کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی تو اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔

کاشف چوہدری نے کہا کہ کے-الیکڑک کراچی کے عوام کا خون نچوڑ رہا ہے، ملک کا 64 فیصد ریونیو دینے والا شہر کراچی کو نااہلوں نے کچرا کنڈی میں بدل دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان بزنس فورم کی 28 اگست کو ملک گیر ہڑتال کی مخالفت

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ کے تاجروں اور عوام نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کامیابی کی پہلے ہی نوید سنا دی ہے، بلوچستان میں بھی جا کر تاجر رہنماوں سے ملاقاتیں کریں گے اور لائحہ عمل کو حتمی شکل دیں گے۔

اس موقع پر دیگر تاجر رہنما شیخ حبیب، عتیق میر، حکیم شاہ، راشد خان، رانا محمد اکرم، قیص منصور شیخ، آصف گلفام، اسلم بھٹی، عاصم قریشی، وقار حمید میمن، کامران میمن، عبدالرحیم آغا، لالا فرقان، معراج احمد خان، شاکر عمر گجر، جاوید صدیقی، راشد علی خان، شیخ خالد نور، جاوید صدیقی، محبوب اعظم، حسین قریشی، عبداللہ بٹرا سمیت بڑی تعداد میں تاجر رہنما بھی موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button