جنسی استحصال؛ ملائیشیا میں 400 بچوں کو خیراتی ادارے سے بازیاب کرالیا گیا
کوالا لمپور: ملائیشیا میں پولیس نے 400 بچوں کو ایک خیراتی ادارے سے بازیاب کرا کر عملے کے 171 ارکان کو حراست میں لے لیا جن میں اساتذہ بھی شامل ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق بین الااقوامی خیراتی ادارے کے بے سہارا بچوں کے قیام، طعام اور تعلیم کے مرکز سے 201 طالبات اور اتنے ہی طلبا کو بازیاب کرالیا گیا جن کی عمریں زیادہ سے زیادہ 17 سال تک ہیں۔
پولیس نے الزام عائد کیا کہ اس خیراتی ادارے کے ایک کالعدم گروپ کے ساتھ تعلقات ہیں اور یہاں بچوں کے ساتھ جنسی اور جسمانی استحصال کی متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں جس پر کارروائی کی گئی۔
پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ مرکز سے 171 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں ٹیچرز اور عملے کے ارکان بھی شامل ہیں۔
اس ادارے کی شاخیں ملائیشیا کی دو ریاستوں میں پھیلی ہوئی ہیں جب کہ انڈونیشیا، مصر، فرانس، آسٹریلیااور تھائی لینڈ میں بھی ان کے ادارے کام کر رہے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے نے مؤقف جاننے کے لیے ادارے سے رابطے پر جواب دینے سے گریز کیا گیا تاہم سوشل میڈیا پر اپنے پیجز پر ادارے نے ان خبروں کی تردید کی ہے۔