احتجاج کیوں ملتوی کریں؟ پہلے کون آیا ہوا تھا جو ہم پر لاٹھی چارج کیا گیا، علی محمد خان
کراچی: رہنما پی ٹی آئی علی محمد خان نے کہا ہے کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم ہمارے لیے بھی قابل احترام ہیں، ہم احتجاج کیوں ملتوی کریں؟، حکومت بتائے کہ میانوالی اور فیصل آباد میں کون آیا ہوا تھا جو ہمارے کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا گیا۔
رہنما پی ٹی آئی علی محمد خان نے پروگرام سینٹر اسٹیج میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم ہمارے لیے بھی قابل احترام ہیں۔ غیر ملکی مہمان ہمارے اور پورے ملک کے بھی مہمان ہیں، ان کی میٹنگ بہتر انداز میں چل رہی ہیں۔
حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی احتجاج ملتوی کرنے کے معاملے پر سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی احتجاج کرتا ہے تو حکومت کو ڈر کس چیز کا ہے ، کون سی کوئی فارم 47 کی حکومت گر جائے گی؟۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ فیصل آباد میں گھنٹہ گھر چوک کون آیا ہوا تھا؟ جو ہمارے کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا گیا، پی ٹی آئی کارکنوں پر آنسو گیس برسائی گئی ۔ کیا میانوالی شہر میں بھی اقوام متحدہ آئی ہوئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ احتجاج سب کا حق ہوتا ہے، ہمارے دور میں جے یو آئی ف اور پیپلز پارٹی نے احتجاج کیا تھا ہم نے کس کو ہتھکڑیاں لگائی تھیں؟۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ غالب رائے ہے کہ آئینی ترامیم کے لیے حکومت کے پاس نمبر پورے نہیں، چھانگا مانگا سیاست کا دور دوبارہ شروع ہو جائے گا۔
علی محمد خان نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ آئینی ترامیم کے لیے اپوزیشن کے لوگ توڑے جائیں گے تاہم ہم کوشش کریں کہ ہمارے ارکان نہ ٹوٹیں، حکومت کے دونوں ہاتھ دستانوں کے اندر تھے جو اب باہر آ گئے ہیں۔