لبنان میں حزب اللہ سے جھڑپ میں مزید 5 اسرائیلی فوجی ہلاک؛ 2 دن میں تعداد 10 ہوگئی
جنوبی لبنان میں 23 اور 24 اکتوبر کے دوران حزب اللہ کے جنگجوؤں نے سرنگ سے نکل کر اسرائیلی فوجیوں پر دستی بموں سے حملہ کردیا جس میں 5 اہلکار مارے گئے جب کہ 6 زخمی ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ دو بدو جھڑپیں گزشتہ دو روز سے جاری ہیں جس میں اسرائیلی فوج کو بھاری جانی اور مالی نقصان اُٹھانا پڑا ہے۔
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ بدھ کے روز حزب اللہ کے ساتھ جھڑپ میں سارجنٹ فرسٹ کلاس گائی بین ہاروش، وارنٹ آفیسر (ر) موردچائی ہیم اموئل، سارجنٹ میجر (ر) شموئیل ہراری، ماسٹر سارجنٹ شلومو ایویڈ نعمان، اور سارجنٹ فرسٹ کلاس شوائیل بن نتن ہلاک ہوگئے۔
ترجمان اسرائیلی فوج نے مزید بتایا کہ حزب اللہ نے دستی بموں سے حملہ کیا اور واپس سرنگ میں چلے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس جھڑپ میں 6 اہلکار زخمی بھی ہوئے جن میں سے 3 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
اسرائیلی فوج کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسی طرح جمعرات کے روز جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ لڑائی کے دوران اوکیٹز کینائن یونٹ کا ایک سپاہی ہلاک ہوگیا جب کہ ایک اہلکار زخمی ہے۔
اسرائیلی فوج کے بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جوابی کارروائیوں میں حزب اللہ کی تمام مقامی قیادت کو صفحہ ہستی سے مٹادیا گیا ہے۔
جمعرات کے روز دو الگ الگ واقعات میں اسرائیلی فوج کی 7ویں آرمرڈ بریگیڈ کی 75ویں بٹالین کے ساتھ ایک افسر ٹینک شکن گائیڈڈ میزائل حملے میں شدید زخمی ہوگیا۔
دوسرے واقعے میں چھاتہ بردار بریگیڈ کی 6226 ویں بٹالین کا ایک افسر چھرہ لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔ تمام زخمی فوجیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ آج حزب اللہ کے راکٹ حملے میں ہلاک 5 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے۔
اس طرح بدھ سے اب تک حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 10 ہوگئی جب کہ 30 کے قریب زخمی ہیں۔