جوبائیڈن نے مٹھیاں بھینچ کر اور دانت پیستے ہوئے ٹرمپ اور ان کے حامیوں کو کیا کہا؟
امریکی صدر بائیڈن نے مُٹھیاں بھینچ کر اور دانت پیس کر ڈونلڈ ٹرمپ اور حامیوں پر اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے انتہائی سخت باتیں کیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنی جماعت کی امیدوار کملا ہیرس کی صدارتی مہم کے سلسلے میں اپنی جائے پیدائش پنسلوانیا میں ریلی سے خطاب کیا۔
جوبائیڈن نے کہا کہ ایک اور چیز ہے جو ٹرمپ اور ان کے ریپبلکن دوست کرنا چاہتے ہیں۔ وہ دولت مندوں کے لیے ٹیکس میں ایک اور بڑی کٹوتی چاہتے ہیں۔
جو بائیڈن نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ میں جانتا ہوں کہ اس وجہ سے آپ میں سے کچھ لوگوں کو لگتا ہے کہ یہ کوئی مردانہ سوچ کے حامل لوگ ہیں۔
امریکی صدر نے مٹھیاں بھینچتے اور دانت پیستے ہوئے کہا کہ لیکن میں سنجیدگی سے کہتا ہوں کہ یہ ایسے لوگ ہیں جنہیں آپ گدی میں مارنا پسند کریں گے۔
یہ خبر بھی پڑھیں : امریکی صدارتی الیکشن؛ ٹرمپ کچرا اُٹھانے والا ٹرک چلانے لگے
سوشل میڈیا پر جوبائیڈن کے اس بیان کو ٹرمپ کے حامی نفرت آمیز قرار دے رہے ہیں جب کہ جوبائیڈن کے طرفداروں کا کہنا ہے کہ انھوں نے یہ بات مذاقاً کہی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صدر جوبائیڈن ٹرمپ کے حامیوں کو "کچرے” سے تشبیہ دے چکے ہیں جس پر انھیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔