معاشی بحران، کاروباری اعتماد تیزی سے نیچے کی طرف جانے لگا
کراچی: تاجربرادری موجودہ اور مستقبل کے حالات کے بارے میں سنگین حد تک پریشان اور کاروباری حالات وامکانات کے بارے میں مایوسی بڑھ گئی ہے۔
اس امر کا انکشاف گیلپ بزنس کانفیڈنس انڈیکس 2023 کی پہلی سہ ماہی رپورٹ میں کیا گیا ہے جو کاروباری اداروں کے مالکان سے کیا گیا ہے۔ سروے کے مطابق گزشتہ سال کے سیاسی عدم استحکام نے مختلف اقتصادی بحرانوں کو جنم دیا اور کاروباری عدم اعتماد میں اضافہ ہوا۔
واضح رہے کہ بزنس کانفیڈنس انڈیکس ایک اہم بیرومیٹر ہے جو کسی بھی ملک میں کاروباری برادری کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے اور اسے پوری دنیا میں پالیسی ساز ادارے استعمال کرتے ہیں۔یہ سروے 2023 کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان بھر کے تقریباً 520 کاروباری اداروں کے ساتھ کیا گیا۔
گیلپ پاکستان کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اور گیلپ پاکستان بزنس کانفیڈنس انڈیکس پاکستان کے چیف آرکیٹیکٹ بلال اعجاز گیلانی کے مطابق پاکستان میں کاروباری اداروں کومتعددمشکلات کا سامنا ہے، تاریخی مہنگائی نے صارفین کی قوتِ خرید کو کم کردیاہے، سیاسی نظام میں استحکام کامکمل فقدان اور بڑھتے ہو ڈیفالٹ کے خطرات نہ صرف کاروباری برادری بلکہ ان کے صارفین کیلیے بھی مجموعی طور پر مایوسی کا باعث ہیں۔
گیلپ بزنس کانفیڈنس انڈیکس رپورٹ 2023 کی پہلی سہ ماہی کے کلیدی نتائج کے مطابق 66 فیصد کاروباری اداروں کو خراب یا بدتر حالات کا سامنا ہے، بہت زیادہ خراب کاروباری حالات کا سامنا کرنے والوں اداروں کی تعداد میں 7فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس سہ ماہی میں گیلپ پاکستان بزنس سیچویشن نیٹ اسکور میں معمولی کمی دیکھی گئی۔
سروے کے مطابق سندھ اورخیبرپختونخوا کے تقریباً 70فیصد اور پنجاب کے 64 فیصد کاروباری اداروں کو خراب حالات کا سامنا ہے۔نیٹ فیوچر بزنس کانفیڈنس اسکور پچھلی سہ ماہی کے منفی11فیصد کے مقابلے میں مزید نیچے گرکر منفی22فیصد ہوگیا ہے۔ملک کی سمت کے بارے میں کاروباری برادری کے منفی تاثرات گذشتہ سہ ماہی سے مطابقت رکھتے ہیں۔
سروے کے مطابق 58فیصد کاروباری اداروں نے پچھلے سہ ماہی کے دوران اپنی اوسط پیداوار ی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ان میں سے 45فیصد نے اپنی قیمتوں میں 20سے 50فیصد تک اضافہ کیا ہے۔