جاپان میں سیاہ ریچھوں کا گوشت فراہم کرنے والی خودکار مشینیں مقبول
ٹوکیو: جاپان کے ایک دوردراز چھوٹے سے علاقوں میں اے ٹی ایم طرز کی بعض مشینیں لگائی گئی ہیں جن میں کارڈ داخل کرکے سیارہ ریچھ کا گوشت خریدا جاسکتا ہے۔
یہ گوشت ان ریچھوں کا ہے جنہیں انسانی آبادی میں گھس آنے پر ماردیا جاتا ہے یا وہ کسی شکنجے میں پھنس جاتے ہیں ۔ اگرچہ سیارہ ریچھ زد پر رہنے والے جاندار ضرور ہیں لیکن ان کی بقا کو کوئی بڑا خطرہ لاحق نہیں۔
دوسری جانب سیاہ بھالو، اپنے مسکن سے نکل کر قریبی دیہی آبادی تک جاپہنچتے ہیں اور وہاں جانوروں پر حملہ آور ہوتے ہیں۔ دوسری صورت میں وہ انسانوں پر بھی جھپٹتے ہیں جس کے بعد انہیں گولی ماردی جاتی ہے۔ اسی طرح سیاہ ریچھ پھندوں میں بھی پھنس جاتے ہیں۔
ان ریچھوں کا گوشت اب این نوڈل دکان کے باہر مشین پر فروخت کیا جارہا ہے جو ٹوکیو سے 400 کلومیٹر دور آکیتا پرفیکچر میں واقع ہے۔
جاپان میں ریچھ کا گوشت کھانے کی قانونی اجازت ہے۔ تاہم اس مشین میں خشک مچھلی اور مویشیوں کا گوشت بھی دستیاب ہے۔ واضح رہے کہ جاپان ایسی وینڈنگ مشینوں کی سرزمین ہے جو تازہ کیڑے مکوڑے، وھیل، اور دیگر اقسام کے گوشت بھی فراہم کرتی ہیں۔
اب ریچھ کا گوشت اس فہرست میں شامل ہے اور کمپنی کو توقع ہے کہ لوگ اس نئے اضافے کو ضرور پسند کریں گے۔