غزہ پر تازہ ترین اسرائیلی حملے، 57 افراد شہید
غزہ: اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ کے مختلف علاقوں میں کیے جانے والے تازہ ترین حملوں کے نتیجے میں 57 افراد شہید ہوگئے۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق حماس نے منگل کے روز کیے جانے والے اسرائیلی حملوں کو عرب ممالک اور امریکا کی سیز فائر معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
غزہ کے ہیلتھ آفیشلز کے مطابق شہر کی جنوبی سرحد رفح میں ایک گھر پر کیے جانے والے فضائی حملے میں پانچ فلسطینی شہید ہوئے۔ خان یونس کے قریب ایک شخص، اس کی اہلیہ اور دو بچے شہیدہوئے۔
آفیشلز کے مطابق منگل کے ہی دن جنوبی غزہ میں خان یونس کے مقام ہر ایک کار پر ہونے والے اسرائیلی فضائی حملے میں 17 افراد شہید اور 26 زخمی ہوگئے۔
آفیشلز نے بتایا کہ کچھ گھنٹوں بعد اقوامِ متحدہ کے تحت چلائے جانے والے اسکول میں ہونے والے اسرائیلی حملے 23 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ شہید ہونے والوں میں مقامی صحافی محمد میشمش بھی شامل تھے جس کے بعد تنازعے کے دوران جان سے جانے والے صحافیوں کی تعداد 160 تک پہنچ گئی ہے۔