پختونخوا حکومت کا سرکاری جامعات کی اراضی فروخت کرنے کا فیصلہ چیلنج
پشاور: خیبر پختونخوا حکومت کا سرکاری جامعات کی اراضی فروخت کرنے کا فیصلہ عدالت میں چیلنج کردیا گیا۔
پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ کی جانب سے خیبر پختونخوا حکومت کے سرکاری جامعات کی اراضی فروخت کرنے کے معاملے کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔ عدالت میں دائر کی گئی رٹ پٹیشن میں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، سیکرٹری فنانس، یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کو فریق بنایا گیا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا حکومت کا واجبات ادائیگی کیلیے مخصوص یونیورسٹیز کی زمین فروخت کرنے کا فیصلہ
عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت کے پاس جامعات کی اراضی فروخت کرنے کا اختیار نہیں۔ جو اراضی فروخت ہونے جارہی ہے اس پر اداروں کے لیے عمارتیں کھڑی کی گئی ہیں۔ ہزاروں ایکڑ اراضی کو تعلیمی اداروں اور دیگر مقاصد کے لیے حاصل کیا گیا۔ حکومت اپنے اخراجات کم کرنے کے بجائے سرکاری جامعات کی اراضی فروخت کرنا چاہتی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پشاور ہائی کورٹ ہزاروں ایکڑ اراضی کی ممکنہ فروخت روکنے کا حکم دے۔