ہم پاگل ہیں کہ سیاست میں آئیں گے یہاں سیاست تو ہو ہی نہیں رہی، علیمہ خان
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ ہم پاگل نہیں کہ سیاست میں آئیں۔ یہاں سیاست تو ہو ہی نہیں رہی ہے۔
علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سب کو ایک فکر ہے کہ ہم سیاست میں نہ آجائیں۔ کوئی ہم سے پوچھ کیوں نہیں لیتا کہ ہم سیاست میں آنا چاہتے ہیں کہ نہیں۔ ہم پاگل ہیں جو سیاست میں آئیں یہاں سیاست تو ہو ہی نہیں رہی ہے۔ ہم بتا بتا کر تھک گئے ہیں کہ آپ نہ ڈریں ہم سیاست میں نہیں آنا چاہتے۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ اسکرپٹ تو تبدیل کرلیں۔ آپ کہتے ہیں کہ بشریٰ یا علیمہ پارٹی کو ٹیک اوور کررہی ہیں۔ آپ تین، چار خواتین سے ڈر رہے ہیں۔ ہمیں میڈیا سیل بھی دیکھنا ہے، کیسز بھی دیکھنے ہیں اور عمران خان کی حفاظت بھی کرنا ہے۔ ہمارے پاس کرنے کو بہت کچھ ہے۔ ن لیگ کے پاس کرنے کو کچھ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ تعینات عملہ تیسری بار تبدیل کردیا گیا۔ عمران خان نے بتایا ہے کہ تعینات لوگوں کو بھی دور بیٹھنے کی ہدایت ہے تاکہ وہ ان سے بات نہ کرلیں۔ ملک کے مستقبل کی بات ہے 8 ستمبر کو جلسے میں ہم سب شامل ہوں گے۔ یہ 8 ستمبر کو دوبارہ کہیں گے کہ بم پھٹنے لگا ہے۔ ہم رکیں گے نہیں ہم 8 ستمبر کو آ رہے ہیں۔