درآمدی کوئلے پر چلنے والی آئی پی پیز کو تھر کوئلے پر منتقلی کیلئے کمیٹی تشکیل
اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے درآمدی کوئلے پر چلنے والے تین آئی پی پیز کو تھر کوئلے پر منتقل کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی جو عمل درآمد کے لیے منصوبہ پیش کرے گی۔
پاور ڈویژن سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری کی جانب سے درآمدی کوئلے پر چلنے والی آئی پی پیز کو تھر کوئلے پر منتقل کرنے کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل سیکریٹری پاور ڈویژن کریں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد پلانٹس کو تھر کوئلے پر منتقل کرنے کے لیے تکنیکی اور مالیاتی تجزیہ پیش کرے گی۔
پاور ڈویژن نے کہا کہ مذکورہ کمیٹی تھر کی کانوں سے پروجیکٹ سائٹ تک کوئلے کی نقل و حمل کے لیے لاجسٹکس کا جائزہ لے گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ کمیٹی معلوماتی اسٹڈیز کے نتائج کی بنیاد پر حکومت پاکستان کو سفارشات اور عمل درآمد کا منصوبہ فراہم کرے گی۔