پاکستان

جیو اکنامک مفادات کے تحفظ کیلئے بحریہ کو مضبوط بنانا ہوگا، صدرمملکت

کراچی: صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملکی سمندری حدود کے دفاع کے لیے مضبوط بحریہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے جیو اکنامک مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کو مضبوط بنانا ہوگا۔

کراچی میں پی این ایس بابر اور حنین کی پاک بحریہ کے بیڑے میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے پی این ایس بابر اور حنین کی پاکستان نیوی کے بیڑے میں شمولیت کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں جہاز پاک بحریہ کی بڑھتی آپریشنل ذمہ داریاں پورا کرنے میں مدد دیں گے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پی این ایس بابر اور حنین کی بحری بیڑے میں شمولیت ملکی بحری دفاعی صلاحیتیں مضبوط بنانے کی جانب اہم کامیابی ہے، جہاز روایتی اور غیر روایتی خطرات کا مقابلہ کرنے میں بحریہ کی آپریشنل تیاریوں میں اضافہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاز ترکیہ کے ساتھ ہماری مضبوط دوستی، رومانیہ میں ڈچ ڈیمین شپ یارڈ پر اعتماد کی علامت ہیں، جہازوں سے پاک بحریہ کی ملکی سمندری حدود کے دفاع کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔

انہوں نے میری ٹائم سکیورٹی، علاقائی استحکام، سمندری راستوں کی حفاظت میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاک بحریہ بحری تجارت کے مسلسل ترسیل کو یقینی بنا رہی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاک بحریہ ملک کی سمندری حدود کا دفاع کر رہی ہے اور انہوں نے پاکستان کی خودمختاری، امن، خوش حالی اور استحکام برقرار رکھنے، مادر وطن کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یوم دفاع اور شہدا ہمیں ہماری مسلح افواج اور شہریوں کے حوصلے، اتحاد اور عزم کی یاد دلاتا ہے، مسلح افواج اور شہریوں نے بیرونی جارحیت کے خلاف قوم کا دفاع کیا ہے، مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button