پاکستان

آئندہ 2 سال میں 10 لاکھ نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کرائیں گے، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ آئندہ 2 سال میں 10 لاکھ نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کرائیں گے۔

اتوار کو سنگم گراؤنڈ فیڈرل بی ایریا اور عید گاہ گراؤنڈ گلشن معمار میں بنو قابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ 4.0 میں شریک ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تعلیم حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن اربوں روپے کے بجٹ کے باوجود حکومت نوجوانوں کی تعلیم کیلئے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتی، متوسط اور غریب گھرانوں کے لیے تعلیم کا حصول مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ عوام کو حکمرانوں نے اپنے ظلم و جبر سے یرغمال بنایا اور ملک کی دولت پر قبضہ کیا ہوا ہے، ملک اور قومی وسائل پر قابض حکمرانوں سے نجات اور قبضہ مافیا سے جان چھڑانے کے لیے نوجوان جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران بنو قابل پروجیکٹ کے ذریعے 50 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کو مفت آئی ٹی کورسز کروا چکے ہیں، جو طلبہ ڈگری کورس کرنا چاہتے ہیں ان کو مفت ڈگری کورس بھی کروائیں گے اور ان کے روزگار کے لیے بھی سہولت اور معاونت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بنو قابل 4.0 میں مزید 50 ہزار نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروائیں گے، کراچی کے بعد ملک کے دیگر شہروں میں بھی اسٹیٹ آف دی آرٹ آفسز بنانے جا رہے ہیں، سات نومبر کو لاہور میں نوجوانوں کی تعلیم کے حوالے سے ایک بڑا پروگرام کریں گے۔

ٹیسٹ کے شرکاء سے ایک گھنٹے کا تحریری امتحان لیا گیا جس میں کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات کو الخدمت کے تحت ویب ڈیولپنگ، ویب ڈیزائننگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ایمازون سمیت مختلف آئی ٹی کورسز مفت کرائے جائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button