رواں ہفتے چار دن تمام بینکس عوامی لین دین کیلیے بند رہیں گے
کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے جمعہ 24 مارچ کو زکوۃ کٹوتی کے باعث تمام سرکاری و نجی بینکس بند رکھنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
اعلامیے کے مطابق بینک دولت پاکستان 24 مارچ 2023ء بروز جمعے کو زکوۃ کی کٹوتی کے لیے’ بینک تعطیل ‘ کے موقع پر عوام سے لین دین کے لیے بند رہے گا، کیونکہ امکان ہے کہ یکم رمضان المبارک 1444 ہجری جمعرات 23 مارچ 2023 کو ہوگی جبکہ اس روز سرکاری تعطیل ہوتی ہے۔
اسٹیٹ بینک نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کے تمام بینکس، ترقیاتی مالی ادارے، مائیکرو فنانس بینکس مذکورہ تاریخ پر عوام سے لین دین کیلیے بند ہوں گے البتہ تمام اداروں اور بینکس کے ملازمین دفتر میں حاضر ہوں گے اور دم کو ورکنگ ڈے کے طور پر گنا جائے گا۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے 23 مارچ 2023ء سے 26 مارچ 2023ء تک چار دن بینک بند رہیں گے کیونکہ تیئس مارچ کو سرکاری تعطیل، جمعے کو یکم رمضان ہوگا جبکہ ہفتے اور اتوار کو بینکوں اور ترقیاتی مالی اداروں میں ہفتہ وار تعطیلات ہوں گی۔
پیر 27 مارچ سے بینک رمضان اوقات میں کھلیں گے جس کا بینک دولت پاکستان نے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق تمام بینکس میں عوامی لین دین صبح ساڑھے سات سے شروع ہوگی۔
رمضان المبارک میں سرکاری دفاتر کے اوقاتِ کار
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق رمضان المبارک میں پیر سے جمعرات فاقی سرکاری دفاتر صبحِ 7:30 سے دوپہر 1:30 بجے تک کھلے رہیں گے جب کہ جمعہ کو ساڑھے سات بجے دوپہر 12 بجے تک آفس کھلے رہیں گے۔
سال 2023 کیلیے زکوۃ کا نصاب مقرر
ذرائع کے مطابق وزارت برائے تحفیف غربت و سماجی تحفظ نے سال 2023ء کے لیے زکوٰۃ کا نصاب جاری کردیا جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق سیونگ اکاؤنٹ میں کم از کم ایک لاکھ تین ہزار روپے رکھنے والے صارفین سے زکٰوة منہا کی جائے گی۔