پولیس وین پر حملہ، پی ٹی آئی ایم پی اے کے بیٹے سمیت 4 افراد گرفتار، وزیر اطلاعات
اسلام آباد:وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انتشار کے کارکنان نے سوچی سمجھی سازش کے تحت قیدی وینز پر حملہ کر کے ملزمان کو فرار کروانے کی ناکام کوشش کی، حملہ کرنے والوں میں ملوث پی ٹی آئی کے ایم پی اے کے بیٹے سمیت چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
سنگجانی ٹول پلازہ پر قیدیوں کی گاڑیوں پر حملے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ کچھ دیر قبل ٹول پلازہ پر قیدیوں کی وینوں پر حملہ کیا گیا، حملہ مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ کیا گیا، گرفتار ملزموں کو فرار کروانے کی کوشش ناکام کی گئی مگر پولیس نے بہادری اور دلیری کے ساتھ مقابلہ کیا اور 19 ملزمان کے فرار کی کوشش ناکام بنادی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انتشار کے کارکنان نے یہ حملہ اُس وقت کیا جب ملزمان کو اٹک جیل منتقل کیا جارہا تھا، پولیس وینز پر حملہ سوچا سمجھا منصوبہ ہے، حملہ کرنے والے خیبرپختونخوا سے تحریک انصاف کے ایم پی اے لیاقت کے صاحبزادے سمیت پانچ چار افراد کو گرفتار کر کے دو گاڑیاں اور دو پستول قبضے میں لے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انتشار کی ایک تاریخ رہی ہے، 9 مئی کو فوج پر حملہ اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی، پی ٹی وی پر انہوں نے حملہ کیا، پارلیمنٹ پر دھاوا بولا اور قبریں بھی کھودی ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ قیدی وین میں 82 ملزمان سوار تھے سنگجانی کے مقام پر جیسے ہی گاڑیوں کی رفتار آہستہ ہوئی تو جرائم پیشہ افراد اور گینگ کی صورت میں حملہ کیا گیا۔
وزیر اطلاعات نے تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات کے حملے سے متعلق ردعمل کو شرمناک قرار دیا اور کہا کہ انہیں سنگین جھوٹ بولتے ہوئے شرم آنی چاہیے، فلمی انداز سے سب کچھ بیان کر کے مکر اور فریب کرنے والوں نے جھوٹ بولا۔
انہوں نے بتایا کہ فرار ہونے والے 19 قیدیوں کو دوبارہ حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ گرفتار افراد کے خلاف سخت قانونی ایکشن لیا جارہا ہے اور باقی گاڑیوں و ملزمان کا تعاقب بھی کیا جارہا ہے جبکہ باقی افراد کی شناخت بھی ہوچکی ہے، ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو مثال بنائیں گے تاکہ دوبارہ کسی کی ایسی حرکت کرنے کی ہمت نہ ہو۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حملہ کرنے والوں کی تعداد 25 سے 30 تھی، شواہد کی بنیاد پر سب کے خلاف بلا تفریق کارروائی کریں گے۔
وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ ٹول پلازے کی ساری سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے، پی ٹی آئی کے ترجمان کو اتنا بڑا جھوٹ بولتے ہوئے شرم آنی چاہیے، جھوٹ، مکر اور فریب کے علاوہ ان کا دوسرا کوئی کام نہیں ہے، جرائم پیشہ افراد اور گینگ کی طرح قیدیوں کی وین پر حملہ کر کے ملزمان کو فرار کروایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالت اگر 9 مئی کے ملزمان کو سزا دیتی تو ایسے حملے کرنے کی جرات نہیں ہوتی۔