’’میرے کلب کے لڑکے کو کیوں نہیں کھلا رہے‘‘
پی ایس ایل8 کے درمیان ایک منفرد واقعہ پیش آیا جب میچ سے قبل ریفری نے فرنچائز آفیشل سے اپنے کلب کے کرکٹر کو نہ کھلانے کی وجہ پوچھ لی، انھوں نے اس کی پی سی بی سے شکایت کر دی۔
پی ایس ایل کا آٹھواں ایڈیشن گذشتہ دنوں لاہور قلندرز کی فتح پر ختم ہوا، فائنل میں ملتان سلطانز کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، ایونٹ کے دوران کئی تنازعات بھی ہوئے لیکن لیگ کو بدنامی سے بچانے کیلیے رپورٹ کرنے سے گریز کیا گیا، اب اختتام کے بعد واقعات سامنے آ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور قلندرز مسلسل دوسری بار پی ایس ایل کی فاتح بن گئی
ذرائع کے مطابق ایک میچ کے دوران ریفری نے فرنچائز آفیشل سے استفسار کیا کہ ’’میرے کلب کے لڑکے کو کیوں نہیں کھلا رہے‘‘۔مذکورہ آفیشل اس پر ہکابکا رہ گئے، انھوں نے اس وقت تو مسکرا کر بات ٹال دی لیکن بعد میں پی سی بی سے تحریری طور پر شکایت کردی، اب امپائرز اینڈ ریفریز ڈپارٹمنٹ تحقیقات کر رہا ہے۔
الزام درست ثابت ہونے پر مذکورہ میچ ریفری کیخلاف سخت ایکشن لیا جا سکتا ہے، نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز میں ان کی تقرری کا امکان معدوم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیم کا مزاج بدلنے کیلیے شاہین موزوں کپتان قرار
نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کو ریفری اور فرنچائز دونوں کا نام معلوم ہے لیکن چونکہ ابھی معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اس لیے صحافتی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے خبر میں ذکر کرنے سے گریز کیا ہے۔
یاد رہے کہ فائنل میں ملتان سلطانز کے منیجر کی بھی امپائر سے وائیڈ بالز کے معاملے پر تلخ کلامی ہو گئی تھی،بعد میں سماعت کے بعد ان پر ایک میچ کی پابندی عائد کر دی گئی، سزا کا اطلاق آئندہ سال پی ایس ایل 9 میں سلطانز کے پہلے میچ میں کیا جائے گا۔