یوٹیلٹی اسٹورز پر سبسڈائزڈ اشیا کی وافر مقدار میں فراہمی جاری
اسلام آباد: ترجمان یوٹیلٹی اسٹورز نے کہا ہے کہ وزیر اعظم رمضان ریلیف پیکیج ملک بھر کے تمام یوٹیلٹی اسٹورز پر سبسڈائزڈ اشیا کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے جب کہ پیکیج کے تحت 19 بنیادی اشیا پر خصوصی سبسڈی دی جا رہی ہے جو عید الفطر تک جاری رہے گی۔
وزیر اعظم کی جانب سے اسلام آباد کے شہریوں کے لیے مفت آٹے کی سپلائی بھی زور و شور سے جاری ہے جب کہ عوام کی مشکلات کا ازالہ کرتے ہوئے سپلائی کے اوقات میں اضافہ کیا گیا ہے۔
صبح ساڑھے 8 سے لے کر ساڑھے 5 بجے تک اور پھر افطار کے بعد 7 بجے سے رات 11 بجے تک عوام کو مفت آٹا فراہم کیا جا رہا ہے، جن صارفین کو پہلے ایک 10 کلو کا تھیلہ ملا ہے وہ آج سے 2 مزید تھیلے 10 کلو کے فوری حاصل کر سکتے ہیں۔
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت جوصارفین رجسٹر ڈ نہیں اور وہ مفت آٹا ڈسٹری بیوشن مراکز وزٹ کرتے ہیں تو ان کو فی خاندان ایک 10 کلو کا تھیلہ مفت دیا جائے گا۔
پیکیج کے تحت صرف چینی، آٹا اور گھی پر شناختی کارڈ دکھانا ہو گا۔ دیگر اشیا کی خریداری کے لیے کوء شرائط لاگو نہیں ہے۔