سینیٹ کمیٹی، بہترمعاشی حالات کیلیے پالیسیوں کا تسلسل ناگریز
اسلام آباد: سینیٹر ذیشان خانزادہ نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور موجودہ معاشی حالات کی بہتری کیلیے پالیسیوں میں تسلسل ناگریز ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی تجارت کے چیئرمین سینیٹر ذیشان خانزادہ نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی تجارت کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی اور موجودہ معاشی حالات کی بہتری کیلیے پالیسیوں میں تسلسل ناگریز ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلی بار بزنس کمیونٹی کی اس طرح کے اداروں میں شمولیت خوش آئند ہے اس سے نمایاں بہتری دیکھنے میں آئے گی، ملک میں زراعت میں بے پناہ پوٹینشل ہے۔
اجلاس میں سینیٹر فیصل جاوید کے کاپی رائٹ ترمیمی بل 2023 کے علاوہ ٹی ڈی اے کی برآمدات کو فروغ دینے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات، ملکی وعالمی سطح پر منعقد صنعتی نمائشوں، مختلف ممالک میں تعینات ٹریڈ آفیسرز کی کارکردگی اور تعیناتی سے متعلق دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سینیٹر دنیش کمار نے کہا قائمہ کمیٹی کو قانون کے مطابق وقت پر ورکنگ پیپر دیے جائیں۔ انھوں نے کمیٹی سے علامتی طور پر واک آئوٹ بھی کیا۔
چیئرمین ذیشان خانزادہ نے کہا کہ وفاقی وزرا پارلیمانی کمیٹیوں کو اہمیت دیں اور شرکت یقینی بنائیں ورنہ معاملہ چیئرمین سینیٹ کے سامنے اٹھائیں گے۔
ذیشان خانزادہ نے کہا کمیٹی کا مقصد ملک کے اندر تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلیے ایسی سفارشات مرتب کرنا ہے جو معاشی و اقتصادی صورتحال پر مثبت اثرات مرتب کریں۔ فیصل جاوید نے کہا فنکار غریب ان کو فن کی رائلٹی ملنا چاہیے۔
قادر خان مندوخیل کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے متاثرہ ملازمین کا اجلاس ہوا۔ وفاقی محتسب کی زریاب مسرت نامی ملازمہ نے بتایا میرے ساتھ تمام ملازمین کو 2014 میں پروموشن دیدی گئی ہے۔