ورلڈکپ 2011 کی جیت؛ اسٹیڈیم میں ’’وکٹری میموریل‘‘ بنانے کا اعلان
ممبئی: ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن نے 2011 ورلڈکپ جیت کی انوکھی یاد کو برقرار رکھنے کیلئے وکٹری میموریل بنانے کا اعلان کردیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن نے فیصلہ کیا ہے کہ مہندر سنگھ دھونی نے جہاں چھکا مار کر بھارت کو دوسرا ورلڈکپ جتوایا تھا وہاں ‘2011 ورلڈکپ وکٹری میموریل’ بنایا جائے گا۔
اس سلسلے میں سابق بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے جمعہ کو اس جگہ پر اعلیٰ عہدیداران کے ساتھ دورہ بھی کیا تھا۔
مزید پڑھیں: ورلڈکپ؛ تاریخوں اور وینیوز کا اعلان تاحال نہ ہوسکا، صورتحال پیچیدہ
ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر امول کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ جیت کی یادگار کیلئے جے 282 سے 286 تک پویلین کی 5 کرسیاں ہٹادی گئی ہیں، جہاں ہم وکٹری میموریل بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس جگہ بھارتی کپتان کے 2011 کے ورلڈکپ فائنل کا چھکا لگا تھا جبکہ ان 4 سیٹوں کو مستقل طور پر ختم کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ وکٹری میموریل اکتوبر-نومبر میں ون ڈے ورلڈکپ کی میزبانی کے وقت تک تیار ہوجائے گا جبکہ اسکا ڈیزائن بنالیا گیا ہے۔