علی ظفر اور شاہد آفریدی کا چائے کے ڈھابے پر کام کرنے والے باکسر کی مدد کا اعلان
کراچی: پاکستان میوزک انڈسٹری کے نامور گلوکار علی ظفر اور کرکٹ اسٹار شاہد آفریدی نے چائے کے ڈھابے پر کام کرنے والے باکسر آغا کلیم کی ہر ممکن مدد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان کے لیے ایشیئن اور ورلڈ ٹائٹل لے کر آنے والے باکسر آغا کلیم نے ٹوئٹر پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کھیل سے وابستہ صحافیوں سندھ حکومت اور شاہد آفریدی سمیت دیگر کھلاڑیوں کو ٹیگ کرتے ہوئے ان سے مدد کی اپیل کی تھی۔
ویڈیو میں آغا کلیم کو ایک چائے کے ڈھابے پر پراٹھے بناتے دیکھا جا سکتا ہے۔ کراچی میں مقیم باکسر کی اس اپیل پر ردِعمل دیتے ہوئے گلوکار علی ظفر اور شاہد آفریدی نے اس کی مدد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
شاہد آفریدی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ہم آپ کی مکمل ذمہ داری اُٹھانے کے لیے تیار ہیں۔شاہد آفریدی فاؤنڈیشن اور میگا اسٹار لیگ بنانے کا مقصد یہی ہے اور میں نے اپنی دونوں ٹیموں کو الرٹ کر دیا ہے تا کہ آپ کی مدد کی جاسکے۔
علی ظفر نے باکسر آغا کلیم کو مدد کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے لکھا کہ ہمیں اپنے قومی ہیروز کی قدر کرنی چاہیے، خاص طور پر ان کی جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا اور انہیں کبھی اکیلا نہیں چھوڑنا چاہیے۔
علی ظفر نے مطالبہ کیا کہ ایسے ٹیلنٹ کو روکنے والے اسپورٹس مافیاز کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ علی ظفر نے اعلان کیا کہ وہ اس باکسر کی مالی مدد کریں اور اپنی اگلی فلم کے لئے آغا کلیم سے تربیت بھی حاصل کریں گے۔
واضح رہے کہ آغا کلیم کا تعلق کوئٹہ کے علاقے نیو کلی کربلا شاہی کوٹ سے ہے مگر ذریعہ معاش کی تلاش اور اپنے خوابوں کو پورا کرنے کی خاطر وہ اپنے والد اور دیگر افراد کے ہمراہ کراچی میں مقیم ہیں اور ان دنوں ایک چائے کے ہوٹل پر کام کر رہے ہیں۔