پاکستان

کراچی میں قیامت خیز گرمی کے دوران دو روز میں 25 افراد جاں بحق منور خان پير 24 جون 2024

کراچی: شہر قائد میں قیامت خیز گرمی کے دوران مختلف علاقوں سے فٹ پاتھ اور سڑکوں سے خاتون سمیت 15 افراد کی لاشیں ملیں، دو دن میں مجموعی طور پر 25 افراد گرمی کے دوران جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں سے 2 روز میں ملنے والی 25 لاشوں کو چھیپا اور ایدھی کے رضاکاروں نے سرکاری اسپتال منتقل کیا، چھپا کے رضاکاروں نے مجموعی طور پر 22 جبکہ ایدھی نے آج 3 لاشوں کو سرکاری اسپتال منتقل کیا۔

ریسکیو حکام کی جانب سے وجہ ہلاکت کو نامعلوم قرار دیا جا رہا ہے جبکہ ریسکیو حکام کا دعویٰ ہے کہ ان افراد کی ہلاکت شہر میں ہونے والی قیامت خیز گرمی سے ہوئی ہے یا نہیں اس بارے میں کوئی معلومات نہیں تاہم وجہ موت کے حوالے سے اسپتال انتظامیہ ہی بہتر بتا سکتی۔

صبح 7 بجکر 5 منٹ پر اورنگی ٹاؤن ایک نمبر علیگڑھ کالونی میں فٹ پاتھ سے 35 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جسے چھیپا حکام نے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جس کی وجہ موت نامعلوم تھی، دوپہر ساڑھے بارہ بجے کے قریب ایم اے جناح روڈ آرام باغ سگنل کے قریب فٹ پاتھ سے 55 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جسے چھیپا کے رضا کاروں نے سول اسپتال پہنچایا اس کی بھی وجہ ہلاکت نامعلوم بتائی جا رہی ہے۔

دوپہر 2 بجے کے قریب کریم آباد میگنیٹ مال کے قریب فٹ پاتھ سے 55 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جسے چھیپا کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال پہنچایا فوری طور پر وجہ ہلاکت کا تعین نہیں ہو سکا ، شام پانچ بجے کے  قریب سپر ہائی وے فقیرا گوٹھ پریشان چوک قریب فٹ پاتھ سے 50 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی وجہ ہلاکت نامعلوم، لاش عباسی شہید اسپتال لیجائی گئی ، شام سوا پانچ بجے کے قریب پرانا گولیمار ڈبل پی ایم ٹی والی گلی کالا گیٹ کے قریب فٹ پاتھ سے 45 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی وجہ ہلاکت نامعلوم تھی جس کیلاش سول اسپتال لیجائی گئی۔

چھیپا حکام کے مطابق شام 5 بجکر 16 منٹ پر گلستان جوہر کے علاقے بلاک 11 منور چورنگی کے قریب فٹ پاتھ سے 60 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جسے جناح اسپتال لیجایا گیا وجہ ہلاکت نامعلوم تھی ، شام 5 بجکر 21 پر لانڈھی اسپتال چورنگی گل احمد کمپنی کے قریب فٹ پاتھ سے ایک شخص کی لاش ملی جس کی شناخت 40 سالہ سلطان کے نام سے کی گئی جس کی لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی۔

اسی طرح شام 6 بجکر 40 منٹ پر نیو کراچی سیکٹر الیون ڈی اتوار بازار کے قریب فٹ پاتھ سے 32 سالہ زبیر عباسی کی لاش ملی جس کی وجہ ہلاکت کو نامعلوم بتایا گیا اور اس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال لیجائی گئی، شام 6 بجکر 41 منٹ پر صدر سرجیکل مارکیٹ کے قریب فٹ پاتھ سے 50 سالہ نامعلوم شخص کی ملنے والی لاش کو چھیپا کے رضا کاروں نے جناح اسپتال پہنچایا جس کی وجہ ہلاکت نامعلوم بتائی جا رہی ہے۔

رات 9 بجکر 56 منٹ پر اورنگی ٹاؤن قطر اسپتال کے اندر سے 90 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جسے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی اسپتال لیجایا گیا وجہ ہلاکت نامعلو بتائی جا رہی ہے، رات 10 بجے کے قریب چھیپا کے رضا کاروں نے سول لائن کے علاقے فریئر ہال سے 45 سالہ نامعلوم شخص کی لاش جناح اسپتال پہنچائی جبکہ چھیپا کے رضا کاروں نے رات 10 بجکر 2 منٹ پر محمود آباد ماڈل پارک کے قریب فٹ پاتھ سے ملنے والی 70 سالہ نامعلوم شخص کی لاش کو جناح اسپتال پہنچایا جس کی وجہ ہلاکت نامعلوم بتائی گئی ہے۔

دریں اثنا ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری اعداد شمار کے مطابق شام 6 بجکر 11 منٹ پر نارتھ کراچی یوپی موڑ پل کے قریب سے 50 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جس کی وجہ ہلاکت نامعلوم تھی جبکہ لاش عباسی شہید اسپتال لیجائی گئی، اورنگی ٹاؤن کے علاقے فقیر کالونی پریشان چوک کے قریب سے 30 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جس کی وجہ ہلاکت نامعلوم بتائی گئی جبکہ لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا جبکہ رات ساڑھے آٹھ بجے کے قریب شاہ فیصل کالونی گرین ٹاؤن کے قریب روڈ کنارے سے 50 سالہ نامعلوم خاتون کی لاش ملی جسے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال لیجایا گیا۔

شہر میں جاری قیامت خیز گرمی کے دوران اتوار اور پیر 2 روز کے دوران مجموعی طور پر خاتون سمیت 25 افراد کی لاشیں ملیں ہیں جبکہ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملنے والی لاشوں میں ممکنہ طور پر نشے کے عادی افراد بھی شامل ہیں اور ان میں سے کچھ لاشیں ورثا گھروں کو بھی لے گئے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button