پشاور؛ پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال سے شہریوں کو مشکلات، کرایوں میں اضافہ
شاور: پیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے ہڑتال کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب کہ ٹرانسپورٹرز نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کرایوں میں اضافہ کردیا۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے نئے مالی سال کے بجٹ میں 0.5 فی صد ٹیکس عائد کیے جانے کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جا رہا ہے، جس کے تحت پیٹرول پمپس بند کردیے گئے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں بھی صوبائی دارالحکومت سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں پیٹرول پمپ بند ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب کہ شدید گرمی میں لوگ پیدل چلنے پر بھی مجبور ہوگئے۔
پمپس بند ہونے کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی عدم دستیابی کے باعث مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ٹرانسپورٹرز نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کرایوں میں اضافہ کردیا۔ شہریوں نے پیٹرول پمپ مالکان اور حکومت سے مسئلہ حل کرنے اور احتجاج ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے
دوسری جانب پیٹرولیم ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ جب تک حکومت ٹیکس پر چھوٹ نہیں دے گی، تب تک احتجاج جاری رہے گا۔