پاکستان
اسلام آباد ہائی کورٹ کا آئندہ ہفتے کا ججز ڈیوٹی روسٹر جاری
اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئندہ ہفتے کے لیے ججز کا ڈیوٹی روسٹر جاری کردیا۔
ججز روسٹر کے مطابق آئندہ ہفتے 29 جولائی سے 2 اگست تک اسلام آباد ہائی کورٹ میں 6 ججز دستیاب ہوں گے۔ جسٹس محسن اخترکیانی کی تعطیلات کے بعد واپسی ہوگئی ہے۔
جسٹس محسن اختر کیانی 30 جولائی کو لاپتا افراد کی بازیابی کیس کی لارجر بینچ میں سربراہی کریں گے۔ آئندہ ہفتے کیسز کی سماعت کے لیے 6 سنگل اور 3 ڈویژن بینچز تشکیل دئیے گئے ہیں۔ جسٹس ثمن رفعت امتیاز 29 جولائی سے 31 جولائی تک کیسوں کی سماعت کے لیے دستیاب ہوں گی۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان اور جسٹس بابر ستار تاحال موسم گرما کی تعطیلات پر ہیں۔ آئندہ ہفتے ضرورت کے پیش نظر خصوصی ڈویژن اور لارجربینچ بھی دستیاب ہوگا۔ چیف جسٹس کی ہدایت پر ڈپٹی رجسٹرار نے ججز ڈیوٹی روسٹر جاری کیا۔