بین الاقوامی

حماس کے سربراہ شہید اسماعیل ہنیہ کا جسدِ خاکی قطر پہنچا دیا گیا؛ ویڈیو وائرل

دوحہ: ایران میں میزائل حملے میں شہید ہونے والے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کا جسد خاکی آج قطر کے دارالحکومت پہنچ گیا جہاں ان کی تدفین کی جائے گی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسماعیل ہنیہ کا جسد خاکی دوحہ ایئرپورٹ پر پہنچ گیا۔ ان کے ساتھیوں اور رفقا کی بڑی تعداد نے اپنے ہر دلعزیز رہنما اور مجاہد کی میت کا استقبال کیا۔

میت کو وصول کرنے کے لیے آنے والے حماس کے ہر ایک رہنما اور اسماعیل ہنیہ کے اہل خانہ کا ضبط قابل دید تھا۔ ہر چہرہ پُرعزم تھا اور باوقار طریقے سے اپنے شہید کا استقبال کیا۔

حماس رہنماؤں نے اسماعیل ہنیہ اور ان کے محافظ وسیم ابو عثمان کی میتوں کے ساتھ کھڑے ہوکر دعائے مغفرت کی۔ ہر ایک ساتھی کے آنسو چھلک رہے تھے لیکن طمانیت اور ضبط کا نمونہ بنے ہوئے تھے۔

 

بعد ازاں شہید اسماعیل ہنیہ کے جسد خاکی کو دوحہ میں ان کی قیام گاہ روانہ کردیا گیا جہاں ان کے خاندان کی خواتین اپنے پیارے کی میت کی منتظر ہیں۔

واضح رہے کہ اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ قطر کے دار الحکومت دوحہ کی مسجد امام محمد بن عبدالوہاب میں آج بعد نمازِ جمعہ ادا کی جائے گی اور تدفین لوسیل کے قبرستان میں ہوگی۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button