پاکستان

خیبر؛ افغان سرحد کے قریب قبائلی علاقے میں پہلی خاتون پولیس افسر کی تعیناتی

پشاور: ضلع خیبر میں افغان سرحد کے قریب قبائلی علاقے میں پہلی خاتون افسر کو تعینات کردیا گیا۔

مہک پرویز مسیح کو لنڈی کوتل میں بطور ایڈیشنل ایس ایچ او تعینات کیا گیا ہے، وہ پہلی خاتون افسر ہیں، جنہیں قبائلی ضلع خیبر میں یہ ڈیوٹی سونپی گئی ہے۔ ڈی پی او خیبر سلیم کلاچی کے مطابق قبائلی ضلع خیبر میں خواتین ڈیسک کے قیام سے خواتین نے شکایات درج کروانا شروع کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین پر تشدد ، وراثت میں حق اور دیگر سیکڑوں مسائل خواتین کی درخوست پر حل کیے گئے ہیں۔ خواتین پولیس افسران ہی خواتین کے مسائل بہتر طور پر سن اور سمجھ سکتی ہیں، جس کے لیے لنڈی کوتل میں فیلڈ آفیسر خاتون کو تعینات کیا گیا ہے۔

ضلع خیبر کی خواتین پولیس پرعزم ہیں کہ وہ مرد اہل کاروں اور افسران کے ساتھ شانہ بہ شانہ عوام کی خدمت کریں گی اور وہ لاکھوں قبائلی خواتین کے لیے انصاف تک رسائی میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سلیم عباس کلاچی نے ایکسپریس کو بتایا کہ پہلی مرتبہ خاتون جونیئر پولیس افسر مہک پرویز مسیح کی ایڈیشنل ایس ایچ او کی تعیناتی یقینی طور پر اعزاز کی بات ہے۔ مہک پرویز قبائلی ضلع خیبر کی تاریخ میں کسی بھی تھانے کی پہلی خاتون ایڈیشنل ایس ایچ او تعینات ہوئی ہیں، اس اقدام کامقصد لاکھوں خواتین کی حوصلہ افزائی اور انصاف تک رسائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خاتون افسر کو تعینات کرنے کے مقاصد میں ایک یہ بھی ہے کہ ضم اضلاع کے ہر شعبہ زندگی میں خواتین کو روزگار اور فرائض کی انجام دہی کے بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں۔ قبائلی اضلاع کی خواتین میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے، تاہم ماضی کےبرعکس خواتین کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ خواتین پولیس کو بہترین ماحول دینا اولین ترجیح ہے تاکہ وہ بلا خوف اپنے فرائض انجام دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تھانہ باڑہ میں خواتین ڈیسک کے قیام سے گزشتہ ایک سال کے دوران علاقے کی سیکڑوں باپردہ قبائلی خواتین کے مسائل اچھے طریقے سے حل کیے گئے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے سماجی رہنما اگیسٹن جیکب نے ایکسپریس کو بتایا کہ یہ ہمارے لیے خوشی کا لمحہ ہے کہ مسیحی برادری کو بھی پولیس فورس میں اہم عہدہ دیا گیا ہے۔ خاتون افسر کی تعیناتی کمیونٹی کے لیے باعث اعزاز اور باعث فخر ہے۔ اس وقت بھی صوبے کے مختلف محکموں میں اقلیتی برادری کی خواتین ڈیوٹی انجام دے رہی ہیں ۔ مہک پرویز مسیح کی تعیناتی سے یقینی طور پر کے پی پولیس نے اقلیتوں کے حقوق کی حقیقی نمائندگی کی ہے۔

شیئرٹویٹ

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button