ڈیموکریٹ کے نائب صدارتی امیدوار ہم جنس پرستوں کے ایڈوائزر بھی رہے
واشنگٹن: امریکا کی حکمراں جماعت ڈیموکریٹ کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے نائب صدارتی امیدوار کے نام کا بھی اعلان کردیا۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ کے نائب صدارتی امیدوار ٹم والز اس وقت مینیسٹونا کے گورنر ہیں۔ سیاست میں آنے سے قبل وہ پبلک اسکول میں ٹیچر رہے، فٹ بال ٹیم کی کوچنگ کی اور نیشنل گارڈز مین بھی رہے۔
ٹم والز کی پیدائش دیہی علاقے نیبراسکا میں ہوئی جہاں وہ والد کے ہمراہ موسم گرما میں کھیتی باڑی بھی کیا کرتے تھے۔ وہ شکار کے بھی شوقین ہیں اور 17 سال کی عمر میں آرمی نیشنل گارڈ میں بھرتی ہوئے اور 24 سال کی عمر تک رضاکار فورس میں خدمات انجام دیں۔
ٹم والز کے والد ایک پبلک اسکول کے منتظم تھے جہاں ٹم والز نے پڑھایا بھی ہے۔ ٹم والز 19 سال کے تھے جب ان کے والد پھیپھڑوں کے کینسر کے باعث انتقال کرگئے۔
یہ خبر بھی پڑھیں : کملا ہیرس نے نائب صدر کے لیے ٹم والز کے نام کا اعلان کردیا
مینیسوٹا کے گورنر ٹم والز اُن دنوں کو یاد کرتے ہوئے اکثر یہ بتاتے تھے کہ سوشل سیکیورٹی سے ملنے والے مالی فوائد نے گھریلو اخراجات اور ان کی کالج لیول تک تعلیم میں کس طرح مدد کی تھی۔
ٹم والز اسکول کے ہم جنس پرستوں کے اتحاد کے فیکلٹی ایڈوائزر بھی بنے یہ اس وقت کی بات ہے جب ہم جنس پرستی کو بڑی حد تک برا بھلا کہا جاتا تھا۔
وہ متعدد بار کانگریس کے رکن منتخب ہوئے اور 12 سال تک قانون ساز کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
ٹم والز نے عراق اور افغانستان میں جنگوں کے لیے فنڈنگ جاری رکھنے کے لیے ووٹ دیا تھا اسی طرح امریکا میں داخل ہونے والے پناہ گزینوں کی سخت جانچ کی حمایت بھی کی۔
پارک لینڈ اسکول میں فائرنگ کے بعد خودکار ہتھیاروں پر پابندی کے حق میں مہم چلائی اور 2018 مینیسوٹا کے گورنر کی دوڑ میں 11 سے زیادہ پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔
وہ کئی تنازعات کا بھی شکار رہے جیسے کورونا وبا اور پولیس افسر کے ہاتھوں سیاہ فام جارج فلائیڈ کا قتل، جس نے عالم گیر شہرت حاصل کرلی تھی۔