بھارت؛ اسکول میں نرسری کی 2 بچیوں کیساتھ جنسی زیادتی
ممبئی: بھارت میں لیڈی ڈاکٹر کے جنسی زیادتی کے بعد بہیمانہ قتل کا شور ابھی تھما نہیں تھا کہ ایک اور واقعے میں درندہ صفت ملزم نے ایک اسکول میں نرسری کی 2 کم سن طالبات کو اپنی حیوانی جبلت کا نشانہ بنایا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹرا کے علاقے تھانے میں ایک ساڑھے 3 اور دوسری 4 سالہ بچی کو اسکول میں سفاک ملزم نے ٹوائلٹ میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ بچیوں کی حالت نازک ہے اورا نھیں قریبی اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ہزاروں شہری جمع ہوگئے اور بدلہ پور کے ریلوے اسٹیشن پر مظاہرہ کیا۔ 6 گھنٹے تک ریلوے سروس معطل رہی جس پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔
مظاہرین نے بھی پولیس پر پتھراؤ کیا جس سے ریلوے اسٹیشن میدانِ جنگ بن گیا۔ کئی مظاہرین زخمی ہوگئے جنھیں قریبی اسپتال میں داخل کیا گیا جب کہ درجن سے زائد کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں : بھارتی اسکول کے این سی سی کیمپ میں 13 طالبات کیساتھ جنسی ہراسانی اور زیادتی
مظاہرین نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی میں ملوث اسکول کے 23 سالہ سوئپر کو گرفتار کرکے پھانسی کی سزا دی جائے۔
اعلیٰ پولیس افسران کے پہنچنے پر مظاہرین نے شکایت کی کہ متاثرہ بچیوں کے والدین کو پولیس اسٹیشن میں 11 گھنٹے انتظار کرایا گیا اور رپورٹ درج نہیں کی گئی جس پر افسران بالا نے موقع پر ہی 3 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ نجی اسکول میں گرلز ٹوائلٹ میں واقعے کے روز کوئی آیا موجود نہیں تھی اور نہ ہی حفاظتی انتظامات ہیں جس پر اسکول انتظامیہ نے پرنسپل کو معطل کر دیا اور کلاس ٹیچر اور آیا کو فارغ کر دیا۔