سری لنکا کا سعودی عرب سمیت 35 ممالک کیلیے ویزا فری انٹری کا اعلان
کولمبو: مالی پریشانیوں سے نبرد آزما سری لنکا نے یکم اکتوبر سے سعودی عرب کے شہریوں کو بغیر ویزے کے ملک میں داخل ہونے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اس بات کا اعلان سری لنکا کی وزارتِ سیاحت کے مشیر ہارین فرنینڈو نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 50 سال مکمل ہونے کے اہم دن پر کیا۔
سری لنکا ٹورازم ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق بھی سری لنکا میں سیاحوں کی آمد کے اعتبار سے سعودی عرب تیسرا بڑا ملک ہے۔
رواں برس 27 سے 29 مئی تک ریاض ٹریول فیئر 2024 میں سری لنکا نے سیاحتی مصنوعات کی نمائش کی جسے بڑی کامیابی ملی۔
سعودی عرب میں سری لنکا کے سفیر امیر اجواد کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا اور سعودی عرب کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بڑھاوا دینا ہے۔
خیال رہے کہ سری لنکا نے سعودی عرب کے علاوہ دیگر 34 ممالک کے شہریوں کے لیے بھی ویزا فری سروس فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جن میں برطانیہ، چین، امریکا، بھارت، جرمنی، ہالینڈ، بیلجیم، اسپین، آسٹریلیا، ڈنمارک، پولینڈ، قازقستان، متحدہ عرب امارات، نیپال، انڈونیشیا، روس، تھائی لینڈ، ملائیشیا، جاپان، فرانس، کینیڈا، جمہوریہ چیک، اٹلی، سوئٹزرلینڈ، آسٹریا، اسرائیل، بیلاروس، ایران، سویڈن، جنوبی کوریا، قطر، عمان، بحرین اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔
یاد رہے کہ مئی 2022 میں سری لنکا ڈیفالٹ کرگیا تھا اور معاشی بحران کے باعث عوام نے صدارتی محل، حکومتی شخصیات کے گھروں، پارلیمنٹ اور دیگر مقامات ہر دھاوا بول دیا تھا جس پر حکومتی ارکان کو ملک سے بھاگنا پڑا تھا۔
تاہم اب آہستہ آہستہ معیشت سنبھل رہی ہے اور حالیہ اقدام بھی ملک کا ریونیو بڑھانے کی ایک کوشش ہے۔