پاکستان

پی ڈبلیو ڈی کے سبکدوش ملازمین کا مالی پیکج کرپٹ افراد کیلئے نہیں ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاک پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کی تحلیل کے بعد محنتی اور ایمان دار ملازمین کی دوبارہ بھرتی کے لیے عمر کی حد کم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سبکدوش ہونے والے ملازمین کے اعلان کردہ مالی پیکیج کرپٹ افراد کے لیے نہیں ہے۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کی تحلیل کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر ہاؤسنگ اور ورکس ریاض حسین پیر زادہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پاک پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل کے حتمی مراحل اور قانونی پہلوؤں کے حوالے سے بریفننگ دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل کی وجہ سے سبکدوش ہونے والے ملازمین کو دیا جانے والا مالی پیکیج ان افراد کے لیے ہرگز نہیں ہے جن پر سنگین کرپشن کے الزامات ثابت ہو چکے ہوں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پاک پی ڈبلیو ڈی کے تحت جاری منصوبوں کی صوبوں اور متعلقہ اداروں کو منتقلی کا حتمی لائحہ عمل جلد از جلد پیش کیا جائے اور تحلیل سے متعلق تمام حتمی تجاویز کابینہ کے سامنے پیش کی جائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی کے کم مدت ملازمت کے حامل محنتی اور ایمان دار افراد کو دوبارہ ملازمت فراہم کرنے کے لیے ایج ریلیکسیشن کی تجویز پر عملدرآمد کی جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button