بنگلادیش میں سیلاب نے تباہی مچادی؛ لاکھوں افراد بے گھر اور 25 جاں بحق
ڈھاکا: بنگلادیش کے 11 اضلاع میں سیلابی ریلے نے اپنے راستے میں آنے والی ہر شے کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش میں سیلاب نے 200 سے زائد دیہاتوں کو تباہ کردیا جن میں سے 50 کے قریب مکمل طور پر ڈوب گئے اور سلابی ریلہ آگے بڑھتا ہی جا رہا ہے۔
اب تک 500 سے زائد تالاب اور 2500 ایکڑ اراضی پر ماہی گیری زیر آب آ چکی ہے جن میں مچھلیوں کو پالا جاتا اور پھر فروخت کی جاتی تھیں۔
ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ سیلاب میں ان کا گھر ہی نہیں بلکہ سرمایہ بھی ڈوب گیا۔ کئی ایکڑوں پر کھڑی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
سیلاب سے متاثر 64 ہزار افراد نے 724 پناہ گاہ مراکز میں پناہ لی ہے اور اب بھی مجموعی طور پر 8 لاکھ 30 ہزار سے زائد شہری پھنسے ہوئے ہیں۔
امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ مجموعی طور پر 25 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔