شمالی کوریا: یورینیم افزودگی کی خفیہ تنصیب کی نایاب تصویر جاری
پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے افزودہ یورینیم پیدا کرنے والی خفیہ تنصیب کی نایاب تصویر جاری کردی۔
کے سی این اے کی رپورٹ کے مطابق سربراہ شمالی کوریا کم جونگ ان نے یورینیم کی افزودگی کی تنصیب کے کنٹرول روم اور ایک تعمیراتی مقام کا دورہ کیا جس کا مقصد جوہری ہتھیاروں کی تیاری کی صلاحیت میں اضافہ کرنا تھا۔
سرکاری خبر رساں ادارے کی جانب سے جمعے کے روز جاری کی جانے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سائنس دان صدر کم کو سرمئی رنگ کی لمبی ٹیوبوں کی قطاروں کے درمیان راہ داری میں بریفنگ دے رہے ہیں۔ تاہم، یہ بات واضح نہیں کہ یہ دورہ کب اور کہاں کیا گیا۔
تصاویر میں تقریبا 1000 سینٹری فیوجز دکھائے گئے۔
سول کے آسن انسٹی ٹیوٹ فار پالیسی اسٹڈیز کے سیکیورٹی ماہر یانگ یوک کے مطابق اگر پورے سال کام کیا جائے تو وہ 20 سے 25 کلو گرام انتہائی افزودہ یورینیم تیار کر سکتے ہیں جو ایک نیوکلیئر بم بنانے کے لیے کافی ہے۔
یہ واضح نہیں ہے کہ کم جونگ ان نے جس مقام کا دورہ کیا وہ یونگ بون نیوکلیئر کمپلیکس کا حصہ تھا یا نہیں لیکن 2010 کے بعد شمالی کوریا کی جانب سے یورینیم کی افزودگی کی تنصیب کی پہلی تصویر ہے۔
جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی گزشتہ سال اس وقت مزید بڑھ گئی تھی جب شمالی کوریا نے ہواسونگ-18 انٹرکونٹینینٹل بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا، یہ 2023 میں شمالی کوریا کا تیسرا تجربہ تھا۔