لاہور کے اسموگ زدہ علاقوں میں گرین لاک ڈاؤن نافذ
لاہور: اسموگ اور فضائی آلودگی کوکم کرنے کیلئے پنجاب حکومت نے لاہور کے ہاٹ اسپاٹ ایریاز میں گرین لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔
محکمہ ماحولیات نے گرین لاک ڈاؤن کا نوٹفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق ہاٹ اسپاٹ ایریاز میں لکڑیاں جلانے اور گاڑیوں کی پارکنگ پر پابندی ہوگی، شادی ہال اور مارکیز رات 10 بجے بند کردیے جائیں گے جبکہ ان علاقوں میں واقع سرکاری اور نجی دفاتر کا 50 فیصد عملہ 4 نومبر سے ورک فرام ہوم کرے گا۔
گرین لاک ڈاؤن ایریاز میں تعمیراتی کاموں پرپابندی ہوگی، چنگ چی رکشوں کا داخلہ بھی بند جبکہ کمرشل جنریٹراستعمال کرنے پر پابندی ہوگی، ان علاقوں میں اوپن باربی کیو پر رات آٹھ بجے کے بعد پابندی ہوگی۔
گرین لاک ڈاؤن فضائی آلودگی کے ہاٹ اسپاٹ ایریاز میں لگایا گیا ہے جن میں ڈیوس روڈ ، ایجرٹن روڈ ، ڈیورنڈ روڈ اور کشمیر روڈ شامل ہیں۔
اسی طرح شملہ پہاڑی سے گلشن سینیما اور ایبٹ روڈ بھی ہاٹ سپاٹ ایریا میں شامل جبکہ شملہ پہاڑی سے ریلوے اسٹیشن اور ایمپریس روڈ بھی ہاٹ سپاٹ ایریا ڈکلئیر کردئیے گئے ۔ کوئین میری روڈ اور اس کے اطراف کو بھی آلودگی والے علاقوں میں شامل کیا گیا ہے۔