بلوچستان دہشتگردی؛ چین کی مذمت اور پاکستان کیساتھ سیکیورٹی تعاون بڑھانے کا عزم
بیجنگ: چین نے بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی بھرپور حمایت اور سیکیورٹی تعاون میں اضافے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ان خیالات کا اظہار چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پریس بریفنگ کے دوران کیا۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بلوچستان میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ڈٹا ہوا ہے۔
ترجمان نے پاکستان کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں، امن اور سماجی یکجہتی کو برقرار رکھنے کے لیے دوست ملک کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔
یاد رہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں 37 سے زائد افراد کو دہشت گردوں نے بسوں سے اتار کر اور شناختی کارڈز دیکھ کر قتل کردیا تھا۔
جس کے بعد دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران 21 دہشت گرد مارے گئے جب کہ پاک فوج کے 14 جوانوں نے شہادت کا رتبہ پایا۔