قلات میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، دو دہشت گرد ہلاک
قلات: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع قلات میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر 6 اور 7 ستمبر کی درمیانی شب کو کارروائی کی۔
بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے لیا اور مؤثر کارروائی کی، اس دوران دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے زیر قبضہ اسلحہ، بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا ہے اور یہ دہشت گرد اس علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور بے گناہ شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی بڑی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ علاقے میں مزید کسی دہشت گرد کی موجودگی کا خاتمہ کرنے کے لیے کارروائی جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنی قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے بدستور پرعزم ہے۔