برطانیہ میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی
لندن: برطانوی قومی شماریاتی ادارے کے مطابق برطانیہ میں 2022 میں گرین ہاؤس گیس کے اخراج میں 2.2 فی صد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ اخراج میں کی وجہ گھروں کو گرم کرنے کے لیے گیس کا کم استعمال بتایا گیاہے۔
دفتر برائے قومی شماریات (او این ایس) کے مطابق گیس کے کم استعمال کے پیچھے موجود وجوہات میں ایک وجہ توانائی کی بلند قیمتیں جبکہ دوسری وجہ گرم موسم تھی جس کی وجہ سے گرمائش پیدا کرنےکی ضرورت کم ہوگئی۔گزشتہ 50 سالوں میں توانائی کی مانگ میں کبھی اتنی کم نہیں ہوئی جتنی 2022 میں دیکھی گئی۔
برطانوئی محکمہ موسمیات کے مطابق 2022 ریکارڈ پر برطانیہ کا گرم ترین سال تھا اور 2021 کی نسبت یہ سال 0.8 ڈگری سیلسیس زیادہ گرم تھی۔
او این ایس کا کہنا تھا کہ 2022 میں 2021 کی نسبت اخراج 0.7 فی صد زیادہ لیکن 2019 کی نسبت پانچ فی صد کم تھا۔
گزشتہ برس برطانیہ سے 41 کروڑ 70 لاکھ ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج ہوا۔یہ مقدار1990 کے مقابلے میں 48 فی صد کم تھی۔ 1990 میں 65 کروڑ ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج ہوئی۔
او این ایس کے مطابق اخراج میں واضح کمی کوئلے سے حاصل ہونے والی توانائی کو گیس سے بدلنے، توانائی کی زیادہ کھپت والی صنعتوں کو کم کرنے اور قابلِ تجدید توانائی کو بڑھانے کی صورت میں سامنے آئی۔