صحت

رات کو دیر سے کھانا صحت کے لیے مضر نہیں، تحقیق

لندن: کھانے کے متعلق ایک ہدایت جو ہمیں اکثر کی جاتی ہے وہ یہ کہ اگر صحت کے پیچیدہ مسائل اور وزن کے بڑھنے سے بچنا چاہتے ہیں تو دیر رات کو کھانا کھانے سے گریز کریں۔

لیکن ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ اگر آپ اگلے دن کا ناشتہ تھوڑی تاخیر سے کرنے والے ہیں  تو رات کو تھوڑی تاخیر سے کھانا کھانے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

کنگز کالج لندن میں جینیٹک ایپڈیمیولوجی کے پروفیسر ٹِم اسپیکٹر نے برطانیہ میں 80 ہزار افراد پر تحقیق کی۔ مطالعے میں انہوں نے کھانے کے مختلف اوقات اور وہ جن اوقات میں لوگ کھانا کھاتے ہیں ان کا جائزہ لیا۔

تحقیق کے ابتدائی نتائج (مکمل نتائج جو اس سال کے آخر تک شائع نہیں ہوں گے) میں یہ چیز دیکھی گئی کہ کچھ افراد صحت اور وزن کے مسائل سے بچتے ہوئے رات 9 بج کر 30 منٹ تک کی تاخیر سے کھانا کھا سکتے ہیں۔

رات کے کھانے میں تاخیر کے سبب کسی مسئلے سے بچنے کا اہم طریقہ اگلے روز کا ناشتہ تاخیر سے کرنا ہے (صبح 11:30 یا اس کے بعد) تاکہ استحالہ (میٹابولزم) کے لیے بہتر عامل اور 14 گھنٹوں کے فاقے کے دورانیے کو حاصل کیا جاسکے۔

تحقیق میں دیکھا گیا کہ فاقے کا یہ دورانیہ بڑے پیمانے پر لوگوں کے لیے مؤثر تھا چاہے انہوں نے کتنی ہی تاخیر سے کھانا کھایا ہو۔

پروفیسر ٹِم اسپیکٹر کے مطابق رات کا کھانا جلدی کھانے کے فوائد کا خیال کم عمر افراد پر کیے جانے والے بہت کم مطالعوں پر مبنی ہے، جس میں فاقے کے دورانیے کو شامل نہیں کیا گیا تھا۔

ان مطالعوں میں رات کا کھانا جلدی کھانے کے انتہائی معمولی فوائد سامنے آئے اس لیے پروفیسر ٹِم کا خیال ہے کہ ان فوائد کو بڑھا چڑھا کر بیان کیا گیا ہے۔

تحقیق میں دیکھا گیا کہ وہ لوگ جنہوں نے رات کو تاخیر سے کھانا کھایا لیکن ہر دن 14 گھنٹوں کا فاقہ کیا انہوں نے خود کے زیادہ توانا ہونے کے متعلق بتایا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button