مسجد نبوی میں اعتکاف کے خواہش مندوں کیلیے بڑی خوش خبری
مدینہ منورہ: رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مسجدِ نبوی میں اعتکاف کے خواہش مند معتمرین کے لیے آج سے رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق رواں برس خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کی زیارت کرنے اور عبادتوں کی انجام دہی کے لیے دنیا بھر سے ریکارڈ تعداد میں فرزندگان توحید سعودی عرب پہنچے ہیں۔
کورونا پابندیوں کے خاتمے کے بعد سے دنیا بھر سے مسلمان دیوانہ وار مکہ و مدینہ دوڑے چلے آئے ہیں جس کے باعث رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں مسجد نبوی میں آنے والوں کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے۔
لاکھوں معتمرین کی خواہش ہے کہ رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف کی سعادت وہ مسجدِ نبوی میں حاصل کریں جس کے لیے آج سے رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا۔
حرمین شریفین کے امور کی کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ مسجد نبوی میں اعتکاف کے خواہش مند ’زائرون‘ ایپ کے ذریعے خود کو رجسٹرڈ کرائیں۔ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 23 مارچ ہے۔