بھارتی کرکٹر ہاردک پانڈیا کی افغان کھلاڑیوں کے ساتھ سحری
نئی دہلی: بھارتی کرکٹر ہاردک پانڈیا افغان کرکٹرز راشد خان اور نور احمد کے پاس سحری کرنے پہنچ گئے۔
افغانستان کے بولنگ آل راؤنڈر راشد خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے تصویر شیئر کی ہے جس میں انہوں نے آئی پی ایل فرنچائز گجرات ٹائٹنز کے کپتان ہاردک پانڈیا کو شکریہ کا پیغام دیا۔
تصویر میں ہاردک پانڈیا کو راشد خان اور نور احمد کے ساتھ سحری کے دسترخوان پر بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ افغان کرکٹر راشد خان اور نور احمد انڈین پریمیئر لیگ کے 16 ویں ایڈیشن کیلئے بھارت میں موجود ہیں، پانڈیا اور دونوں مذکورہ افغان کرکٹرز گجرات ٹائٹنز کی ٹیم کا حصہ ہیں۔
ہاردک پانڈیا کی مسلمان کرکٹرز کے ساتھ سحری نے بہت سے لوگوں کے دل جیت لیے ہیں جس کا اظہار شائقین نے اس پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں کیا ہے۔
شائقین کا کہنا تھا کہ کتنا خوبصورت لگ رہا ہے جہاں ایک طرف لوگ نفرت پھیلا رہے ہیں وہیں پر کوئی زندہ دلی کا ثبوت دے رہا ہے، سوشل میڈیا صارفین نے ہاردک پانڈیا سمیت دونوں افغان کرکٹرز کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔