پنجاب حکومت نے اداکارہ شیبا بٹ کا علاج کرانے کا اعلان کردیا
لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے اداکارہ شیبا بٹ کا علاج سرکاری طور پر کرنے کا حکم دے دیا، اداکارہ کے فوری علاج کے لئے پی آئی سی انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی گئیں.
ذرائع کے مطابق شیبا بٹ کو جلد ہی وارڈ میں منتقل کیا جائے گا، ٹیسٹ کی رپورٹس آنے کے بعد ڈاکٹرز کی طرف سے انجیو گرافی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اداکارہ شیبا بٹ کے علاج کے حوالے سے سیکرٹری اطلاعات و ثقافت علی نواز ملک کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر عامر میر کی طرف سے ہدایات ملنے کے بعد شیبا بٹ کے علاج میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی، فنکار ہمارے حقیقی ہیرو ہیں، عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرنے میں پیش پیش ہیں۔
سیکرٹری اطلاعات پنجاب علی نواز ملک کا مزید کہنا تھا کہ فنکاروں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے سمیت علاج و معالجے کا خیال رکھنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔اس سے قبل اداکارہ شیبا بٹ نے اپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ دل کی بیماری کی وجہ سے انہیں ہنگامی طور پر اسپتال میں داخل ہونا پڑا ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے اپنے پرستاروں سے صحت کی دعا کرنے کے ساتھ حکومت سے سرکاری خرچ پر علاج معالجہ کی درخواست بھی کی تھی۔