پاکستان

بجلی بلوں میں میونسپل ٹیکس کی وصولی، سندھ حکومت کو جواب جمع کرانے کیلیے آخری مہلت

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس کی وصولی کیخلاف درخواست پر سندھ حکومت اور دیگر کو جواب جمع کرانے کے لیئے آخری مہلت دیدی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس کی وصولی کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ سندھ حکومت نے تحریری جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگ لی۔

عدالت نے سندھ حکومت اور دیگر سے 10 ستمبر کو جواب طلب کرلیا اور ریمارکس دیے کہ جواب جمع کروانے کے لیے آخری مہلت دے رہے ہیں، جمع نہ کرایا گیا تو کیس سن کر فیصلہ کردیں گے۔

درخواست گزار کے وکیل طارق منصور ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ بل جمع کروانے کی آخری تاریخ 5 ستمبر دی گئی ہے۔ سندھ حکومت جواب جمع نہیں کرارہی تو حکم امتناع جاری کیا جائے۔ عدالت نے بجلی کے بلوں میں کے ایم سی ٹیکس وصولی پر حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا مسترد کردی۔

دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ ایم یو سی ٹی چارجز کا نفاذ سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2013 کی خلاف ورزی ہے۔ نیپرا بھی کے الیکٹرک کی جانب سے کے ایم سی ٹیکس وصولی کو خلاف قانون قرار دے چکا ہے۔

مئیر کراچی مرتضٰی وہاب نے عدالت کے 29 مئی 2024 کے احکامات کی خلاف ورزی کی ہے۔ عدالتی حکم کے مطابق یوٹیلیٹی ٹیکس کے الیکٹرک کے ذریعے وصولی کے بارے میں تفصیلی بحث ضروری تھی۔ مئیر کراچی نے اس معاملے پر کمیٹیوں کو بریف کیا نا ایوان میں بحث کا موقع دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button