کراچی میں شدید ٹریفک جام، ہزاروں شہری پھنس گئے
کراچی: کورنگی روڈ پر وکلا کے احتجاج کے باعث شدید ٹریفک جام ہوگیا جس کے نتیجے میں دفاتر جانے والے ہزاروں شہری ٹریفک میں پھنس گئے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
وکلا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے بعد وکلا نے رات گئے اختر کالونی کے علاقے میں کورنگی روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک بلاک کردیا۔
احتجاج کے باعث صنعتی ایریا اور بندرگاہ سے آنے جانے والے سینکڑوں ٹرکس اور کنٹینرز پھنس گئے۔ وکلا نے کئی گھنٹوں بعد سرکاری ادارے کے اہلکاروں کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کردیا لیکن ٹریفک اس قدر بری طرح جام ہوا کہ دوپہر تک بحال ہوسکا۔
سڑک پر گاڑیوں کی روانی بحال کرنے کےلیے ٹریفک اہلکاروں کی تعداد بھی نہ ہونے کے برابر رہی۔ بلوچ کالونی پل، کورنگی روڈ، ایکسپریس وے اور کاز وے پر ٹریفک کا شدید دباؤ رہا۔ دفاتر اور اپنے کاموں پر جانے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوا۔